اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل انقلاب میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے اور حکومت انہیں جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت نوجوانوں کو آئی سی ٹی (انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی) کی تربیت فراہم کرنے کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے وفد نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران چین میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے ساتھ طے شدہ معاہدوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، جبکہ ہواوے نے پاکستان میں جدید تربیتی پروگرام کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 3 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آن لائن آئی سی ٹی ٹریننگ فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ آئی ٹی ٹریننگ منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہواوے کے آئی سی ٹی ٹریننگ پروگرام سے نوجوانوں کو جدید مہارتیں حاصل کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی، جو ملک کے ڈیجیٹل ترقی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔