کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں بڑھتی جا رہی ہیں، گلشن اقبال میں دن دیہاڑے ڈاکوؤں نے دکان میں موجود خاتون کو لوٹ لیا، واردات کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال بلاک 13 ڈی کی نجی سوسائٹی میں قائم ایک دکان میں مسلح ڈاکو زبردستی داخل ہوئے اور وہاں موجود خاتون سے سونے کی چوڑیاں چھین لیں۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج ایکسپریس نیوز کو موصول ہوگئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکو اسلحے کے زور پر خاتون کو ہراساں کرتے ہوئے ان کے زیورات اتارتے ہیں۔ دونوں ملزمان نے چہرے چھپانے کی کوشش کی، تاہم واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ کس طرح باآسانی لوٹ مار کے بعد فرار ہوگئے۔
شہریوں نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کا نوٹس لیا جائے اور مجرموں کو جلد گرفتار کیا جائے۔