کراچی: گلشن اقبال کے ایک رہائشی اپارٹمنٹ کے قریب سے کٹا ہوا انسانی بازو ملنے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز عزیز بھٹی تھانے کی حدود میں واقع گلشن اقبال بلاک 19 میں ایک رہائشی عمارت کی دیوار کے قریب انسانی بازو برآمد ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی فاؤنڈیشن کے رضاکار موقع پر پہنچے اور انسانی بازو کو تھانے منتقل کر دیا، جہاں سے پولیس نے اسے مزید تحقیقات کے لیے جناح اسپتال بھیج دیا۔
ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا کے مطابق فنگر پرنٹس کے ذریعے انسانی بازو کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے لاش کے دیگر اعضا نہیں ملے، جس سے شبہ ہے کہ بازو کو کسی اور جگہ سے لا کر یہاں پھینکا گیا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ فنگر پرنٹس نادرا کو بھجوائے جائیں گے تاکہ بازو کے مالک کی شناخت ممکن ہو سکے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ علاقے میں خوف و ہراس کے باعث شہریوں نے سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔