وزیراعلیٰ مریم نواز کا پنجاب بھر میں کم از کم ماہانہ اجرت کا نفاذ یقینی بنانے کا حکم

01:51 PM, 9 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں کم از کم ماہانہ اجرت کے نفاذ کو یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر محنت فیصل ایوب کھوکھر اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔

اجلاس کے دوران مریم نواز نے پنجاب بھر میں ورکرز کو کم از کم 37 ہزار ماہانہ اجرت دینے کی ہدایت کی اور اس بات کو یقینی بنانے کی تاکید کی کہ تمام مزدوروں کو ان کی محنت کا معقول معاوضہ دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں لیبر کالونیاں بنانے کے لیے ایک منصوبہ تیار کیا جائے گا اور سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کی جدید کاری کا بھی حکم دیا۔

لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد میں "مریم نواز ویلنس سینٹر" قائم کیے جائیں گے جہاں مریضوں کو سکریننگ کے بعد بڑے ہسپتالوں میں ریفر کیا جائے گا۔ اجلاس میں 200 بیڈز پر مشتمل "رحمت اللعالمین کارڈیالوجی سینٹر" کی لاہور ڈیفنس روڈ پر تعمیر کا اصولی فیصلہ کیا گیا، جبکہ رحیم یار خان میں 50 بیڈز کے نئے سوشل سکیورٹی ہسپتال کی منظوری بھی دی گئی۔

مریم نواز نے کہا کہ مزدور اللہ کے دوست ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ انہوں نے مزدوروں کی اجرت، علاج، روزگار اور رہائش کے مسائل کو حکومت کی اہم ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی مزدور بھوکا نہیں سوئے گا اور ان کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ لیبر قوانین میں ترامیم کی جائیں تاکہ مزدوروں کی زندگی میں بہتری لائی جا سکے اور ان کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔

مزیدخبریں