بھارتی براہموس میزائل کے پاکستان میں گرنے کے 3 سال مکمل ہوگئے

بھارتی براہموس میزائل کے پاکستان میں گرنے کے 3 سال مکمل ہوگئے

اسلام آباد : 9 مارچ 2022 کو بھارت کا براہموس میزائل پاکستان کے علاقے میاں چنوں میں گر گیا، جس نے بھارت کی فوج اور اس کی میزائل ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں پر سوالات اٹھا دیے۔ یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کے پاس بڑے ہتھیار رکھنے کے باوجود ان ہتھیاروں کو سنبھالنے کا موثر نظام موجود نہیں۔

بھارت نے اس حادثے کے بعد پاکستان سے معذرت کی اور اسے انسانی غلطی قرار دیا، ساتھ ہی تین اہلکاروں کو برطرف کر دیا۔ پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے میزائل کو فوراً ٹریک کر لیا تھا جب وہ بھارت کے مقام سے فائر ہوا اور پھر میاں چنوں میں گر گیا۔

براہموس میزائل کا پاکستان میں گرنا اقوام متحدہ کے آرٹیکل (2)4 کی خلاف ورزی ہے، تاہم بھارت نے پاکستان کے مشترکہ تحقیقات کے مطالبے پر کوئی توجہ نہیں دی۔ اس حادثے کا ایک اور خطرناک پہلو یہ تھا کہ جس روٹ سے یہ میزائل آیا وہ بین الاقوامی پروازوں کا روٹ تھا، جو کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا تھا۔ بھارت جوہری ملک ہونے کے ناطے اس طرح کی غیر ذمہ داری خطے میں عدم استحکام پیدا کر سکتی ہے۔

پاکستان نے اس واقعے پر صبر کا مظاہرہ کیا اور ذمہ داری کا رویہ اختیار کیا، تاہم بھارت کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان کی افواج کسی بھی مستقبل کی جارحیت کا بروقت جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار اور چوکس ہیں۔

مصنف کے بارے میں