باپ کی جان بچانے کےلیے جگر دینے والی 20 سالہ بیٹی خود جان کی بازی ہار گئی

12:53 PM, 9 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

رانی پور : صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور کے شہر رانی پور کے علاقے گمبٹ کے گمس ہسپتال میں جگر کی پیوند کاری کے لیے 20 سالہ مقدس کا آپریشن کیا گیا، تاہم بدقسمتی سے لڑکی جانبر نہ ہو سکی اور زندگی کی بازی ہار گئی۔

مقدس کی موت پر ورثاء نے ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب ڈونر بیٹی کی حالت غیر ہوئی، تو ڈاکٹروں نے کہا کہ وہ ٹھیک ہو جائے گی، مگر جب رات 2 بجے فون آیا تو بتایا گیا کہ بچی کی حالت مزید بگڑ گئی ہے، جس کے بعد ورثاء کو ہسپتال بلا کر کہا گیا کہ وہ بچی کو لے جائیں۔

ورثاء نے مزید کہا کہ بیٹی کی موت کے بعد انہیں شجاع آباد جا کر تدفین کرنا پڑی، اور بیٹی کی موت کی خبر سنتے ہی بیمار والد کی حالت بھی بگڑ گئی۔ گمس ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی نے واقعے کا علم نہ ہونے کا کہا اور بتایا کہ وہ اس معاملے کی مکمل معلومات حاصل کرنے کے بعد اپنا مؤقف پیش کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 200 آپریشنز میں ایک ایسا کیس سامنے آ جانا کوئی غیر معمولی بات نہیں۔

مزیدخبریں