پی ایس ایل: کراچی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور کو شکست دیدی

11:00 PM, 9 Mar, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی : پی ایس ایل 9 کے اہم میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو آخری گیند پر شکست دے دی، اس طرح کراچی کی پلے آف میں پہنچنے کی امیدیں بھی برقرار ہیں۔ 

نیشنل اسٹیڈیم کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے اس میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کی جانب سے دیا گیا 178 رنز کا ہدف آخری گیند پر حاصل کیا۔

کراچی کنگز کے شعیب ملک نے آخری گیند پر چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلوادی۔ 

کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللّٰہ شفیق نے 55 اور فخر زمان نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔ اختتامی لمحات میں ڈیوڈ ویسا نے 24 اور سکندر رضا نے 22 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو 5 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز تک پہنچایا۔

کراچی کنگز کی جانب سے زاہد محمود نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ بلیسنگ موزارابانی اور انور علی نے ایک ایک وکٹ لی۔

یہ میچ کراچی کنگز کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل تھا۔ پلے آف مرحلے تک رسائی کی امید برقرار رکھنے کےلیے کراچی کنگز کو اس میچ میں فتح لازمی درکار تھی۔ 

مزیدخبریں