اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میچز کے باعث راستوں کی بندش کیخلاف درخواست پر وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کر دیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت نے امتیاز نے پی ایس ایل میچز کے باعث راستوں کی بندش کیخلاف درخواست پرسماعت کی اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 18 مارچ تک جواب طلب کر لیا۔
وزیراعظم کو بطور پیٹرن ان چیف پی سی بی پرنسپل سیکرٹری کے ذریعے نوٹس جاری کر دیے گئے، اسلام آباد کے چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی پولیس کو بھی نوٹس جاری کر دیے گئے۔ چیئرمین پی سی بی، وزارت قانون، وزارت بین الصوبائی رابطہ،سی ڈی اے، سرینہ ہوٹل انتظامیہ اور پی ایس ایل کی ٹیموں کے مالکان کو بھی نوٹس جاری کر دیے گئے۔
جیورسٹ فاؤنڈیشن کے اسامہ ریاض کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیے اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 18 مارچ تک جواب طلب کر لیا۔
خیال رہے کہ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ سرینہ ہوٹل کے اطراف راستے بند کرنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا جائے، نادرا ہیڈ کوارٹر کے پاس گیٹ کی مستقل بندش کو بھی غیر قانونی قرار دیا جائے۔ایک واضح لکیر کھینچی جائے کہ سیکورٹی وجوہات کے باعث کس حد تک سوک لائف میں خلل ڈالا جا سکتا ہے۔