اسلام آباد: ملک میں رمضان المبارک 1445ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 11 مارچ کو پشاور میں ہوگا۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کرینگے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پیر 11 مارچ 29 شعبان بعد نماز عصر پشاور میں منعقد ہوگا، زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے مقررہ علاقوں میں ہوں گے تاکہ چاند کی رویت کے حوالے سے رپورٹس اکٹھی کی جا سکیں۔دیگر زونل وضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کےاجلاس بیک وقت منعقد کیے جائیں گے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیر کی شام کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ظاہر کردیے۔محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند 10 مارچ اتوار کو دوپہر 2 بجے پیدا ہوگا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگرچہ رمضان المبارک کا چاند 10 مارچ کو پیدا ہو گا لیکن اس وقت یہ نظر نہیں آئے گا، چاند کو 11 مارچ کو واضح طور پر دیکھا جاسکے گا۔چاند کی عمر11مارچ کو رویت کے وقت 28 گھنٹے سے زائد ہوگی، اس لئے پیر 11 مارچ کو چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات ککا مزید کہان ہے کہ مغربی لہر کے زیر اثر 11مارچ کو وسطی اور بالائی سندھ میں مطلع ابرآلود ہوگا جبکہ جنوب مشرقی سندھ میں مطلع صاف ہوگا۔ بلوچستان میں بھی مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں بھی مغربی لہر کے زیر اثر مطلع ابرآلود ہوگا ان علاقوں میں موسم چاند کی رویت کے لیے بہت زیادہ سازگار نہیں ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پہلی تراویح 11 مارچ کی رات کو ہو گی کیونکہ 95 فیصد امکان ہے کہ پہلا روزہ 12 مارچ بروز منگل کو ہو گا۔