مسلم لیگ ن پنجاب میں انتخابات کیلئے آمادہ ، امیدواروں کو فوری کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت 

09:21 PM, 9 Mar, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: مسلم لیگ ن بھی پنجاب میں الیکشن لڑنے کیلئے آمادہ ہوگئی ہے۔  صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے  پنجاب کے لئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں سے پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ 

نیو نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پارٹی صدر کے طور پنجاب اور خیبر پختو نخوا میں امیدوراں کی فہرستوں کو حتمی شکل دینے کیلئے پارلیمانی بورڈز کو  ہدایت کردی ہے۔  پارٹی صدر نے امیدواروں کو ہدایت کی کہ الیکشن کمشن آف پاکستان کی طرف سے ہ پنجاب میں کاغذات نامزدگی کے لئے 14 مارچ کی آخری تاریخ کا اعلان ہونے کے پیش نظر اپنے اپنے حلقوں میں کاغذات جمع کرائیں۔

صدر پاکستان مسلم لیگ ن نے امیدواروں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کا نام لے کر انتخابی میدان میں اترنے کی تیاری کریں۔ مسلم لیگ (ن) پاکستان اور عوام کی خدمت کا نام ہے۔ قائد محمد نوازشریف کی راہنمائی میں ہم نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے، اب بھی سرخرو ہوں گے۔ مہنگائی میں کمی، دہشت گردی کا خاتمہ، عوام کے لئے بہترین سفری سہولیات قائد نواز شریف اور ان کی جماعت کی پہچان ہے۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ جیسے بجلی کے اندھیروں کو مٹایا، پاکستان کو معاشی قوت بنایا، ایک بار پھر یہ منزل حاصل کریں گے۔ نوجوانوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع دئیے، لیپ ٹاپ، وظائف دئیے، یہ سفر آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی تباہی، مہنگائی اور مسائل کے عذاب میں مبتلا کرنے والوں کو عوام جانتے اور پہچانتے ہیں۔

صدر پاکستان مسلم لیگ ن نے انتخابی مہم چلانے کے لئے حکمت عملی کی تیاری کی ہدایت کر دی ہے۔ انتخابی امیدواروں کو درخواستیں جمع کروانے کے لئے 180 ایچ ماڈل ٹاؤن لاہور پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

مزیدخبریں