پاکستان تحریک انصاف کی دو انتہائی اہم خواتین کا اپوزیشن سے رابطہ ،اصل خبر سامنے آگئی

06:08 PM, 9 Mar, 2022

اسلام آباد:تحریک انصاف کا شروع دن سے ساتھ دینے والی دو اہم ترین خواتین عند لیب عباس ،ساجدہ ذوالفقار کی حزب اختلاف سے رابطے کی خبروں کے بعد  خود سامنے آگئیں اور دو دھ کا دودھ پانی کا پانی کر دیا ۔

تحریک انصاف کی اراکین قومی اسمبلی عندلیب عباس اور ساجدہ ذوالفقار  نے حزب اختلاف سے روابط  کی تردید کرتے ہوئے وضاحت کی کہ  زیرِ گردش اطلاعات  جھوٹ، بے بنیاد اور لغو افواہ سازی ہیں مایوس اور ناکام سیاسی ٹولہ اپنی خفت مٹانے کیلئے جھوٹ اور فیک نیوز کا سہارا لے رہا ہے۔

اپنے تردیدی اور وضاحتی بیان میں اراکین اسمبلی کی خواتین نے کہا کہ ہمارے بارے میں روابط کی خبریں چلوا کر حزب مخالف نے اپنی تحریک کی سنجیدگی کے حوالے سے رہا سہا تاثر بھی تباہ کرلیا ہے۔ہمارا نام  چلوانے والے ہمیں جانتے ہیں نہ ہماری سیاسی جدوجہد سے واقف ہیں۔

انہوں نے کہا روزِ اوّل سے جھوٹوں، دھوکہ بازوں اور لٹیروں کیخلاف عمران خان کے ساتھ ملکر جدوجہد کرتے آئے ہیں۔لٹیروں کیخلاف جدوجہد میں انکی گولیوں اور لاٹھیوں کا سامنا کیا۔نمبرز پورے نہ ہونے پر شکست خوردہ گروہ افواہ سازی کا سہارا لینے کی کوشش کررہا ہے۔ 

  عندلیب عباس، ساجدہ ذوالفقار  نے کہا کہ ہم سمیت تحریک انصاف کا ہر کارکن اور رکن پارلیمان قائد عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے۔لٹیروں کیخلاف جنگ میں بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

مزیدخبریں