لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری شجاعت حسین اپوزیشن کو منانے کیلئے میدان میں آ گئے ہیں اور اپنی شرائط سے بھی دستبردار ہو کر پرانی پیشکش پر ہی اپوزیشن کیساتھ تعاون کیلئے رضامند ہو گئے ہیں تاہم مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ اب بہت دیر ہو چکی ہے۔
(ق) لیگ پرانی پیشکش پر ہی اپوزیشن سے تعاون کیلئے رضامند ہے اور چوہدری شجاعت نے مولانا فضل الرحمن سے کہہ دیا ہے کہ جن شرائط پر آپ پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنانا چاہتے تھے، بنا دیں۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے جواب دیا کہ آپ نے بہت دیر کر دی جس کے باعث ہم نے دوسرے آپشنز پر کام شروع کر دیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے چوہدری شجاعت حسین سے یہ شکوہ بھی کیا کہ آپ نے شہباز شریف کی دعوت سے اچانک انکار کر کے بھی اچھا نہیں کیا البتہ انہیں یقین دہانی کروائی کہ چونکہ آپ محترم ہیں، میرے پاس آئے ہیں تو میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے بات کروں گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن نے گزشتہ رات شہباز شریف کو چوہدری شجاعت کا پیغام پہنچایا جس پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا۔ ذرائع کے مطابق چوہدری شجاعت آصف علی زرداری سے بھی تعاون کی پیشکش کریں گے۔