اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے اہم اجلاس کے دوران چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے متعلق مشاورت کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرِصدارت پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اس اجلاس سے قبل وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اہم ملاقات کی تھی۔
مذکورہ اجلاس میں چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے متعلق مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے پرویز خٹک کو چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی حمایت حاصل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت کا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ این اے 249 ضمنی الیکشن کے بارے میں بھی تفصیلی بات چیت کی گئی اور اس حلقے میں امیدوار کا اعلان پارلیمانی بورڈ کرے گا۔
اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا عہدہ کسی بھی اتحادی جماعت کو دینے پر بھی مشاورت ہوئی۔ اس کے علاوہ پنجاب حکومت کی کارکردگی سے متعلق بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت ہونے والے اس اجلاس میں وفاقی وزراء سینئر حکومتی اراکین اور آئینی ماہرین کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی شریک تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو مدعو نہیں کیا گیا تھا۔