پی ڈی ایم نے غفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نامزد کر دیا

08:18 PM, 9 Mar, 2021

اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کیلئے نامزد کر دیا۔

پی ڈی ایم کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت ہوا جس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور اپوزیشن لیڈر کے عہدوں کے ناموں پر حتمی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے جے یو آئی کے امیدوار کو نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہو گا۔

بعد ازاں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے مرکزی سیکرٹری جنرل مولاناعبدالغفور حیدری کو پی ڈی ایم کا مشترکہ امیدوار نامزد کر دیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عبدالغفور حیدری پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدواربرائے ڈپٹی چئیرمین سینیٹ ہوں گے تاہم حکومتی پیشکش پی ڈی ایم میں دراڑ ڈالنے کی ناکام کوشش ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم کے نامزد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ اعلامیے کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے مولانا عبدالغفور حیدری کو سینیٹر منتخب ہونے پر مبارک باد دی جبکہ عبدالغفور حیدری نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار نامزد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے یوسف رضا گیلانی جبکہ حکومت نے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کیلئے صادق سنجرانی کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ اپوزیشن نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار نامزد کردیا ہے تاہم حکومت کی جانب سے کسی امیدوار کا اعلان نہیں کیا گیا۔

مزیدخبریں