مہنگی مرغی ، خریدار اور دکاندار سرپکڑ کر بیٹھ گئے

06:54 PM, 9 Mar, 2021

کراچی، مہنگی مرغی سے خریدار تو پریشان ہی تھے  دکاندار بھی سر پکڑ کر بیٹھ گئے 

تفصیلات کے مطابق کراچی میں کمشنر کی لسٹ میں زندہ مرغی کی قیمت 214 روپے فی کلو درج ہے جبکہ دکانوں پر زندہ مرغی 360 سے 380 روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے ۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق بعض علاقوں میں مرغی کا گوشت 500 روپے فی کلو بھی فروخت ہورہا ہے لیکن کوئی روکنے یا پوچھنےو الا نہیں ۔ 

مرغی کی خریداری کے لئے آنے والے خریدار وں کا کہنا ہے کہ مرغی کا گوشت عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوگیا ہے ۔ متوسط اور غریب طبقہ گوشت کے لئے مرغی ہی استعمال کرتا ہے لیکن اس کے ریٹس میں اضافے سے اب مرغی کا گوشت عوام کی صرف خواہش بن کر رہ گئی ہے ۔  اب عوام مرغی کے مہنگے گوشت کی بجائے گائے اور بیل کے گوشت کی خریداری  کا سوچ رہے ہیں ۔ 

 مہنگے ریٹ پر مرغی فروخت کرنے والے دکاندار بھی صورتحال سے پریشان ہیں کیونکہ جب سے مرغی کا ریٹ بڑھا ہے تو خریداروں نے مرغی خریدنا ہی چھوڑ دی ہے ۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ مرغی کا ریٹ زیادہ ہونے سے ان کا بھی نقصان ہے کیونکہ جہاں پر وہ ایک دن میں منوں مرغی کا گوشت فروخت کرتے تھے اب وہ کئی گنا کم مقدار میں فروخت کررہے ہیں ۔ 

شہریوں اور دکانداروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی لائی جائے اور قیمتوں پر چیک اینڈ بیلنس کا نظام بہتر کیا جائے ۔ 

مزیدخبریں