اعتماد کے ووٹ میں ایک فگر بھی غلط ہوا تو عہدہ چھوڑ دوں گا، اسد قیصر

05:29 PM, 9 Mar, 2021

اسلام آباد: اسپیکر اسد قیصر نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر اعتماد کے ووٹ میں ایک بھی فگر غلط ہوا تو عہدہ چھوڑ دوں گا، الزام لگانے والے بتائیں کونسے غیر حاضر رکن کو حاضر ظاہر کیا گیا جبکہ میرا اور فیصل واوڈا کا ووٹ گنیں تو 180 بنتے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کے واقعات پر تحقیقات کیلئے کمیٹی بنا دی اور پارلیمنٹ کے باہر جو بھی واقعہ ہوا اس کی تحقیقات کرائیں گے جبکہ ہمیں جمہوریت کو مستحکم کرنا ہے اور الیکشن میں اخلاقی اقدار کو کم نہیں ہونے دیں گے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد پارلیمنٹ کو مضبوط اور بالادست ادارہ بنانا ہے اور جیت کسی کی بھی ہو جمہوریت اور سیاست قائم رہنی چاہیے۔ کامیابی جمہوریت کی ہونی چاہیے اور ووٹ کا درخواست گزار ہوں کیونکہ میرا حلقہ تمام سینیٹرز ہیں اور ووٹ کیلئے سب کے پاس جاؤں گا ۔ جمہوریت کیلئے آزاد میڈیا بنیادی شرط ہے اور میڈیا کو ہر ممکن سہولت دینگے۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے ایوان میں چھ مارچ کو ارکان کی حاضری کی رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق 6 مارچ کو ایوان میں 181 ارکان موجود تھے۔

رپورٹ کے مطابق ایوان میں اسپیکر قومی اسمبلی سمیت حکومت کے 179 ارکان تھے جب کہ اس وقت اپوزیشن کے مولانا اکبر چترالی اور محسن داوڑ بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ 6 مارچ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ایوان سے 178 ووٹ حاصل کیے جب کہ وزیراعظم منتخب ہونے پر انہیں 176 ووٹ ملے تھے اس طرح انہوں نے پہلے کے مقابلے میں 2 اضافی ووٹ لیے۔ اپوزیشن نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے بائیکاٹ کیا تھا جس کے باعث اپوزیشن کی بینچیں خالی رہی تھیں۔

مزیدخبریں