پی ڈی ایم کا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا امیدوار جے یو آئی ف سے ہوگا

پی ڈی ایم کا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا امیدوار جے یو آئی ف سے ہوگا
سورس: File photo

اسلام آباد، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے پی ڈی ایم کا امیدوار جے یوآئی (ف) سے ہوگا 

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) نے خصوصی اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا امیدوار جے یو آئی ف سے ہوگا۔

پی ڈی ایم کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ختم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت ہوا۔ ذرائع کے مطابق سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرمسلم لیگ ن سے ہوگا۔

کمیٹی کے فیصلے سے پی ڈی ایم کے سربراہ کوآگاہ کیا جائے گا۔ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان حتمی اعلان کریں گے۔

خیال رہے کہ ایوان بالا میں ڈپٹی اور چیئرمین سینیٹ کیلئے الیکشن12 مارچ کو ہوگا۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے چیئرمین کیلئے یوسف رضاگیلانی کا انتخاب کیا ہے۔

حکومت نے چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی کو میدان میں اتارا ہے جب کہ ڈپٹی چیئرمین کے نام پر ابھی مشاورت جاری ہے۔

حکومت اور اپوزیشن اپنے اپنے امیدوار کی کامیابی کیلئے متحرک ہیں اور میل ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

تین مارچ کو ہوئے سینیٹ انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکمران جماعت پاکستان تحریک کے پاس خیبر پختونخوا سے10، سندھ 2، اسلام آباد ایک اور پنجاب کی 5 سیٹوں پر انتخابات جیتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی مجموعی نئی نشستیں 18 ہیں۔

نئی 18 اور پرانی8 نشستوں کے ساتھ تحریک انصاف 26 نشستوں کے ساتھ ایوان بالا کی سب سے بڑی جماعت ہے۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے پاس12، ایم کیو ایم3، مسلم لیگ ق1، جی ڈی اےکا ایک اور 4 آزاد ارکان شامل ہیں۔ سینیٹ میں مجموعی طور پرحکومتی اتحادکے ارکان کی تعداد 47 ہوگئی ہے۔دوسری جانب20 سیٹوں کے ساتھ پیپلز پارٹی ایوان کی دوسری بڑی پارٹی ہے۔ مسلم لیگ کے پاس18 سیٹیں، جمعیت علمائےاسلام5، عوامی نیشنل پارٹی4، بلوچستان نیشنل پارٹی( مینگل)2، پشتونخوا میپ کے 2، نیشنل پارٹی کے 2 اور 2 آزاد ارکان اپوزیشن کے ساتھ ہیں۔