امریکا نے 13 مسلمان ممالک پر عائد ویزہ پابندیاں ختم کردیں

امریکا نے 13 مسلمان ممالک پر عائد ویزہ پابندیاں ختم کردیں
سورس: File photo

واشنگٹن ، امریکی صد ر جوبائیڈن نے 13 مسلم ممالک سے ویزے کی پابندی ختم کردی 

 میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں نئی حکومت نے سابق صدر کے دور میں جن مسلمان ملکوں پر  سفری پابندیاں عائد کی تھیں ان کو ختم کردیا ہے ۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی متنازع امیگریشن پالیسی کے تحت 13 مسلم یا مسلم اکثریتی ممالک کے باشندے ویزے کے لئے نااہل تھے ۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائز کا کہنا ہے کہ 20 جنوری 2020 سے قبل جن کے ویزے مسترد کئے گئے تھے، وہ نئی درخواست بمعہ فیس جمع کرا سکتے ہیں تاہم 20 جنوری 2020 کے بعد مسترد ہونے والے ویزہ درخواست گزار کو فیس جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

صدر جوبائیڈن نے عہدہ سنبھالنے کے پہلے ہی روز اپنے حکم ناموں میں سے ایک حکم نامہ صدر ٹرمپ کے دور میں نافذ کی گئی متنازعہ امیگریشن پالیسی کے تحت مسلمانوں پرعائد ویزہ پابندی کو ختم کرنے متعلق بھی جاری کیا تھا جس پر عمل درآمد شروع ہوگیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2017 میں سپریم کورٹ کی جانب سے سفری پابندی کے ترمیم شدہ ورژن کو برقرار رکھنے کے بعد سے 40 ہزار سے زائد افراد کو امریکا میں داخلے سے روک دیا گیاتھا ۔

واضح رہے کی سابق صدر ٹرمپ کے دور میں ویزہ پابندی کے شکار ممالک کی فہرست میں ایران، شام، یمن، لیبیا، شمالی کوریا، میانمار، اریٹیریا، کرغزستان، نائیجیریا، صومالیہ، سوڈان، تنزانیہ اور وینزویلا شامل ہیں۔