اسلام آباد: پی ڈی ایم کے چیئرمین سینیٹ کےمتفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ۔یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے لیے تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ سے بھی رجوع کرلیا ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے میٹرو پولیٹن علی نواز اعوان نے اسلام آباد سے سینٹ کی جنرل نشست پر یوسف رضا گیلانی کی کامیابی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کی ہے ۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ 3 مارچ کو ہونے والے سینٹ انتخابات میں یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کو کالعدم قرار دیا جائے ۔یوسف رضا گیلانی نے سینٹ انتخابات میں پیسوں کا استعمال کرکے ووٹ خریدے۔اسی لیے وہ کامیاب ہوئے۔ عدالت یوسف رضا گیلانی کی کامیابی غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دے۔یوسف رضا گیلانی، علی حیدر گیلانی اور الیکشن کمیشن کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سینیٹ چیئرمین کے لیے الیکشن 12 مارچ کو ہو رہا ہے ۔ پی ڈی ایم کی طرف سے اسلام آباد سے نومنتخب سینیٹر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی امیدوار ہیں ۔جبکہ حکومت کی طرف سے دوبارہ صادق سنجرانی ہی امیدوار ہیں۔
گیارہ مارچ کو 52 سینیٹرز ریٹائر ہو رہے ہیں ۔جس کے بعد نومنتخب 48 سینیٹرز حلف اٹھائیں گے۔سینیٹ کے 100 رکنی ایوان میں حکومت کو 47 اور اپوزیشن کو 53 سینیٹرز کی حمایت حاصل ہے۔ حکومت اپنا چیئرمین منتخب کرانے کیلئے کوششیں شروع کی ہوئی ہیں۔