اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کہتے ہیں جو الیکشن میں اترتا ہے وہ پر اعتماد ہی ہوتا ہے۔صحافی کے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مقابلہ تو سخت ہے، اللہ خیر کرے گا۔
سینیٹ چیئرمین کے لیے الیکشن 12 مارچ کو ہو رہا ہے ۔ پی ڈی ایم کی طرف سے اسلام آباد سے نومنتخب سینیٹر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی امیدوار ہیں ۔جبکہ حکومت کی طرف سے دوبارہ صادق سنجرانی ہی امیدوار ہیں۔
گیارہ مارچ کو 52 سینیٹرز ریٹائر ہو رہے ہیں ۔جس کے بعد نومنتخب 48 سینیٹرز حلف اٹھائیں گے۔سینیٹ کے 100 رکنی ایوان میں حکومت کو 47 اور اپوزیشن کو 53 سینیٹرز کی حمایت حاصل ہے۔ حکومت اپنا چیئرمین منتخب کرانے کیلئے کوششیں شروع کی ہوئی ہیں۔
2019 میں اپوزیشن کے پاس اکثریت ہونے کے باوجود چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی منتخب ہوگئے تھے۔ اس وقت سینیٹ کے 104 رکنی ایوا ن میں اپوزیشن کو اکثریت حاصل تھی اور ان کے 65 ووٹ تھے لیکن بعض اپوزیشن ممبران نے حذب اختلاف کے امیدوار مرحوم حاصل بزنجو کی بجائے صادق سنجرانی کو ووٹ دیا تھا۔جس وجہ سے واضح اکثریت ہونے کے باوجود حاصل بزنجو ہار گئے تھے۔