یوسف رضا گیلانی نااہلی کیس، چیف الیکشن کمشنر بنچ کا حصہ نہیں

12:13 PM, 9 Mar, 2021

اسلام آباد: پی ڈی ایم کے چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے خلاف درخواست پرالیکشن کمیشن میں سماعت جاری ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ 5 رکنی بنچ کا حصہ نہیں۔

 ذرائع کے مطابق  چیف الیکشن کمشنر لاہور میں ہیں ،چیف الیکشن کمشنر ذاتی مصروفیات کی وجہ سے بینچ کا حصہ نہیں بنے ۔ممبر پنجاب الطاف ابراہیم  کی سربراہی  میں 4 رکنی بنچ کیس کی سماعت کررہا  ہے۔

تحریک انصاف کے  فرخ حبیب، کنول شوزب اور ملیکہ بخاری  نے  گزشتہ روز یوسف رضا گیلانی نااہلی کیس کی جلد سماعت کی درخواست دائر کی تھی ۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ  یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار ہیں ۔

 واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی تین مارچ کو اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہوئے ہیں ۔انہوں نے 169 جبکہ ان کے مدمقابل حکومتی امیدوار وزیر خزانہ حفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کیے۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن اتحاد کے پاس 160 اور حکومت کے پاس 180 ووٹ ہیں۔

دو اور تین مارچ کی درمیانی شپ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی اور کراچی سے تعلق رکھنے والے تین پی ٹی آئی ایم این ایز کی ویڈیو جاری ہوئی تھی جس میں علی حیدر گیلانی تینوں ارکان اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنا کا طریقہ بتا رہے ہیں۔

ویڈیو سامنےآنے کے بعد تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کرپٹ پریکٹس میں ملوث ہیں لہٰذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔

مزیدخبریں