میڈیا بیان بازی پر کسی کو نااہل نہیں کرسکتے: الیکشن کمیشن

10:58 AM, 9 Mar, 2021

اسلام آباد : الیکشن کمیشن میں  سینیٹ انتخابات 2018  کی ویڈیو سکینڈل  کیس کی سماعت ہوئی ۔ درخواست ن لیگ کی طرف سے دائر کی گئی تھی ۔

ممبر پنجاب الطاف قریشی نے لیگی وکیل جہانگیر جدون سے استفسار کیا کہ آپ کے پاس ہارس ٹریڈنگ کے کیا شواہد ہیں؟ عمران خان اور اسد قیصر کا ویڈیو سے کیا تعلق ہے؟ جس ایم پی اے پر الزام لگا رہے ہیں انکا بیان کہاں ہے؟

لیگی وکیل جہانگیر جدون نے جواب دیا کہ اسپیکر ہاوَس میں رقم کا لین دین ہوا۔عمران خان، پرویز خٹک اور متعلقہ اراکین اسمبلی کو فریق بنایا تھا۔ عمران خان کو نوٹس کریں وہ بتائیں کہ انہوں نے کیا کارروائی کی۔

ممبر پنجاب الطاف قریشی نے کہا کہ  پہلے اپنی درخواست کو ٹھیک کریں ۔صرف میڈیا بیان بازی پر کسی کو نااہل نہیں کر سکتے ۔ ایسے تو نہیں ہوتا کہ کوئی بھی ویڈیو آئے اور ہم حکم جاری کر دیں ۔جن لوگوں میں رقم کا لین دین ہوا انہیں فریق ہی نہیں بنایا گیا۔

ممبر خیبر پختونخوا ارشاد قیصر نے کہا آپ ویڈیو میں موجود افراد کو نہیں پہچانتے تو ہم کیسے جان سکتے؟ اس پر وکیل ن لیگ نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں ایجنسیوں سے الیکشن کمیشن پوچھے۔

ممبر پنجاب الطاف قریشی نے کہا کہ  الیکشن کمیشن کسی سے داد نہیں لینا چاہتا۔میڈیا بیانات پر نااہلی ہونے لگی تو کورم بھی پورا نہیں ہوگا۔ وزیراعظم کسی کا نام بھیجیں یا خود تحقیقات کرائیں ۔ بہتر ہوگا یہ درخواست واپس لیکر نئی پٹشن  دائر کریں۔ اس پر ن لیگ نے 2018 ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے دائر درخواست واپس لے لی۔

مزیدخبریں