اسلام آباد: الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کی شنوائی ہوگئی ۔سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے سے متعلق پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت 11مارچ کے بجائے آج ہو رہی ہے۔
تحریک انصاف کے فرخ حبیب، کنول شوزب اور ملیکہ بخاری نے گزشتہ روز یوسف رضا گیلانی نااہلی کیس کی جلد سماعت کی درخواست دائر کی تھی ۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار ہیں ۔
چیئرمین سینیٹ کا انتخاب 12 مارچ کو شیڈول ہے۔مناسب ہوگا فوری سماعت کی جائے یا پھر چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کی تاریخ بڑھا دی جائےاب سماعت آج صبح دس بجے ہو گی ۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی تین مارچ کو اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہوئے ہیں ۔انہوں نے 169 جبکہ ان کے مدمقابل حکومتی امیدوار وزیر خزانہ حفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کیے۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن اتحاد کے پاس 160 اور حکومت کے پاس 180 ووٹ ہیں۔
دو اور تین مارچ کی درمیانی شپ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی اور کراچی سے تعلق رکھنے والے تین پی ٹی آئی ایم این ایز کی ویڈیو جاری ہوئی تھی جس میں علی حیدر گیلانی تینوں ارکان اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنا کا طریقہ بتا رہے ہیں۔
ویڈیو سامنےآنے کے بعد تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کرپٹ پریکٹس میں ملوث ہیں لہٰذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔