دمشق: شام کے صدر بشار الاسد اور ان کی اہلیہ نے گزشتہ دنوں اپنا ٹیسٹ کروایا تھا جس کی رپورٹس میں دونوں کے اندر وبائی مرض کی تشخیص ہوئی۔ رپورٹس آنے کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بشار الاسد اور ان کی اہلیہ میں وبائی مرض کی معمولی علامات ہیں، دونوں کو سانس لینے میں کسی دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا، تاہم اس کے باوجود انھیں انتہائی نگہداشت دی جا رہی ہیں۔
خبریں ہیں دونوں شخصیات اپنے گھر پر ہی قرنطینہ ہیں، جہاں ان کی دیکھ بھال کیلئے ڈاکٹروں کی ایک پوری ٹیم بھی موجود ہے۔ شامی حکومت کی جانب سے بشار الاسد اور اسماء اسد کے عالمی وبا میں مبتلا ہونے کی باقاعدہ تصدیق کر دی گئی ہے۔
شام کے صدارتی دفتر کی جانب سے جاری تصدیقی بیان میں کہا گیا ہے کہ بشار الاسد اور اسماء میں گزشتہ چند دنوں سے وبائی مرض کی علامات ظاہر ہونا شروع ہو گئی تھیں، احتیاطاً دونوں کا ٹیسٹ کروایا گیا جس میں یہ بات واضح ہو گئی کہ دونوں وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر بشار الاسد اور ان کی اہلیہ اسماء کی صحت میں ابھی تک کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ دونوں اس وقت سرکاری رہائشگاہ پر ہی موجود ہیں اور دو ہفتوں کیلئے اسی جگہ قیام کریں گے۔
خیال رہے کہ شام کی خاتون اول اسماء اسد بریسٹ کینسر میں بھی مبتلا رہی چکی ہیں۔ تاہم باقاعدگی سے علاج کروانے سے انہوں نے اس مرض سے مکمل طور پر چھٹکارا حاصل کر لیا تھا۔ اس بات کا اعلان انہوں نے 2019ء میں کیا تھا کہ انہوں نے چھاتی کے سرطان کو شکست دیدی ہے۔