دوحہ: قطر نے پاکستان سمیت 14 ممالک سے آنے والےمسافروں کے اپنے ملک میں داخلے پرعارضی پابندی لگادی۔ پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری ایک اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 14 ممالک کے مسافروں پر کورونا وائرس کے باعث پابندی لگائی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پابندی وزٹ ویزہ،فیملی وزٹ ویزہ،اقامہ رکھنے والوں پریکساں طور پر لاگو ہو گی۔ پاکستانی سفاتخانے کے مطابق وہ قطری وزارت خارجہ سےرابطے میں ہیں اور صورت حال سے پاکستانیوں کوآگاہ رکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ چین میں سامنے آنے والا کورونا وائرس اس وقت پاکستان سمیت 109 ممالک تک پھیل چکا ہے اور مجموعی طور پر اس وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں 3831 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں چین میں ہوئی ہیں جہاں مرنے والی تعداد 3120 ہے۔ چین کے بعد سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ممالک اٹلی اور ایران ہیں۔
کورونا وائرس اٹلی میں اب تک 366 افراد کی جان لے چکا ہے جب کہ ایران میں اب تک مرنے والے افراد کی تعداد 194 ہوچکی ہے۔
اب تک پاکستان میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 7 ہے جن میں ایک کراچی کا نوجوان صحتیاب ہو چکا ہے۔