کراچی : پاکستان میں کھیلے گئے پی ایس ایل فور کے پہلے میچ میں ریکارڈ کے انبار لگ گئے ، ڈیلپورٹ نے تیز ترین سنچری ، آصف علی نے تیز ترین ففٹی جبکہ فہیم اشرف نے چھ وکٹیں اڑا ڈالیں ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے 49 رنز سے فتح سمیٹی۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فور کے کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندر کو 49 رنز سے شکست دیدی ، ریکارڈ ساز میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ریکارڈز اور رنز کے انبار لگا دیئے۔
لاہور قلندر نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو اسلام آباد نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل 238 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا ۔
لاہو قلندر زکی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 189 کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ گئی ، سہیل اختر 34 گیندوں پر 75 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف نے چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی
اسلام آبادیونائیٹڈ کے بلے باز کیمرون ڈیلپورٹ نے پاکستانی سرزمین پر اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری بنا کر ریکارڈ قائم کر دیا ۔ ڈیلپورٹ نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 48 گیندوں پر سنچری سکور کر دی ۔
ڈیلپورٹ نے چھکوں اور چوکوں کی بوچھاڑ کرتے ہوئے لاہور قلندر زکے باؤلرز کی خوب دھلائی کی ، قلندر زکا کوئی باؤلر ڈیلپورٹ کے سامنے نہ ٹک سکا۔ ڈیلپورٹ نے 60 گیندوں پر 117 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے۔