لاہور : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو آج سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات نہیں کر سکیں گے ، ملاقات اب بروز پیر ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے ذرائع نے بلاول بھٹو زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے درمیان آج ہونے والی ملاقات کی تردید کر دی ہے ۔
پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اب بروز پیر سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے ۔
واضح رہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سابق وزیراعظم نوازشریف سے جیل میں ملاقات کی اجازت دے دی،
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی درخواست منظور کرتے ہوئے نوازشریف سے جیل میں ملاقات کی اجازت کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے پیپلزپارٹی کی درخواست پر احکامات جاری کیے، بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ قمر زمان کائرہ، مصطفیٰ نواز کھوکھر اور جمیل سومرو نوازشریف سے جیل میں ملاقات کریں گے۔
اس سے قبل پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب کو آج درخواست دی تھی جو پارٹی رہنما قمر زمان کائرہ نے صوبائی محکمہ داخلہ کو جمع کرائی۔