لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایک بار پھر اسپتال منتقل ہونے سے انکار کر دیا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ نواز شریف نے اہلخانہ کے اصرار کے باوجود ایک بار پھر اسپتال منتقل ہونے سے انکار کر دیا۔
شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مجھے سروسز اسپتال، پی آئی سی اور جناح اسپتال لے جایا گیا۔ اسپتالوں کے ڈاکٹرز نے کہا انہیں صرف بیماری کی نوعیت پتہ لگانے کا کہا گیا ہے۔
ڈاکٹرز نے بتایا کہ وہ میرا علاج شروع نہیں کر سکتے اور ڈاکٹرز نے علاج شروع کرنے کے حوالے سے بے بسی ظاہر کی اور کہا کہ میرا علاج کرنا ان کا مینڈیٹ نہیں ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ علاج کے نام پر جو سلوک پہلے کیا گیا اب مزید تضحیک برداشت نہیں کروں گا۔ حکومت ایک مرتبہ پھر تمسخر اڑانے کا ارادہ رکھتی ہے۔