لگاتار شکست کے بعد لاہور قلندرز کو پی ایس ایل میں پہلی فتح مل گئی

08:12 PM, 9 Mar, 2018

دبئی : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 20 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے شاہین آفریدی کی طوفانی بولنگ کے باعث ملتان سلطانز کو 6وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل چھ شکستوں کے بعد پہلی فتح اپنے نام کر لی ہے، لاہور قلندرز نے 115 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 18 ویں اوور  کی چوتھی گیند پر عبور کیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کے باولر شاہین آفریدی نے ٹورنامنٹ کی سب سے فیورٹ اور پوائنٹس ٹیبل پر راج کرنے والی ٹیم ملتان سلطانز کے بلے بازوں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے پانچ کھلاڑی آوٹ کیے جس کی بدولت لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 114 رنز پرروک لیا اور پوری ٹیم آخری اوور کی چوتھی گیند پر پولین لوٹ گئی۔تاہم میچ میں اس وقت سنسنی پید ا ہوئی جب ملتان سلطانز پوری جان لگا کر فیلڈنگ کر رہی تھی اور کوئی باونڈر نہیں ہونے دے رہی تھی اور اس وقت لاہور قلندرز کو 17 گیندوں پر جیت کیلئے 16 رنز درکار تھے لیکن سہیل اختر نے چھکا لگا کر پریشر توڑا۔
باولنگ کے بعد جب لاہور قلندرز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو زیادہ خوشگوار نتائج موصول نہ ہوئے کیونکہ اوپننگ پر آئے فخر زمان 16اور ڈیویچ 22 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے اس کے بعد سلمان آغاصرف تین ہی رنز بنانے میں کامیاب ہوئے تاہم لاہور قلندرز کے کپتان میکالم نے خود ٹیم کی کمان سنبھالنے کا فیصلہ کیا اور میدان میں اترے ، میکالم نے کپتانی کے فرائض نبھاتے ہوئے شاطر انداز میں بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 35رنز کی ماہرانہ اننگ کھیلی۔جبکہ ان کے علاوہ گلریز صدف نے27رنز بنائے۔ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 114 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی جس میں سنگاکارا 45 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے اور احمد شہزاد نے 32 رنز بنائے اور شعیب مقصود 16 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے تاہم ان کے علاوہ کپتان شعیب ملک سمیت کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہیں ہو سکا اور لاہور قلندرز کی طوفانی باولنگ کا سامنا کرنے میں ناکام رہا۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔لاہور قلندرز کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کرتے ہوئے عامر یامین، دنیش رامدین اور عمران جونیئر کی جگہ سہیل اختر، صدف گلریز اور میکلیناگھن کو موقع فراہم کیا گیا ہے۔

لاہور قلندرز کی ٹیم کی قیادت برینڈن میکالم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سنیل نارائن، فخر زمان، اینٹن ڈیوچ، آغا سلمان، گل ریز، سہیل اختر، سہیل خان، مچل مکلینگن، یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

ملتان سلطانز کی قیادت شعیب ملک کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، کمار سنگاکارا، صہیب مقصود، کیرن پولارڈ، ڈیرن براوو، سیف بدر، سہیل تنویر، عمران طاہر، جنید خان اور محمد عرفان شامل ہیں۔ لاہور قلندرز ایونٹ میں اب تک کھیلے گئے اپنے تمام 6 میچز میں ناکام رہی ہے اور ساتویں میچ میں کپتان برینڈن میکولم جیت کے لئے پرامید ہیں۔

مزیدخبریں