لاہور: امام کعبہ شیخ صالح بن محمد آل طالب نے آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ دین اسلام کو دنیا کی کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ حج میں فساد پیدا کرنے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے اور عبادات کی آڑمیں کسی کو شرپسندی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ حرمین شریفین کے دفاع کیلئے حکومت اور پاکستانی عوام کاعزم مثالی ہے۔
امام کعبہ نے کہا کہ اسلام کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنے کی سازش کی جا رہی ہے جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کو دہشتگردی کا سامنا ہے۔ عراق، شام، فلسطین اور کشمیر میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ امام کعبہ نے کہا کہ شاہ سلمان کے حکم پر پاکستان آیا ہوں اور ان کی طرف سے آپ سب کو سلام پیش کرتا ہوں۔
مزید پڑھیں: بلاول بھٹو چیئرمین سینیٹ کا حتمی فیصلہ کریں گے:آصف زرداری
قبل ازیں تین روزہ دورہ پاکستان پر لاہور میں موجود امام کعبہ نے مصروف دن گزارا جہاں جماعت اہلحدیث کی جانب سے امام کعبہ کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد نے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کے لیے خصوصی نشست کا بھی اہتمام کیا۔ جس میں ہندو، سکھ اور مسیحی برادری کے نمائندے بھی شریک تھے۔
امام کعبہ نے ان سے فرداً فرداً ان کی نشتوں پر جا کر ملاقات کی۔ اپنی گفتگو میں امام کعبہ شیخ صالح بن محمد بن ابراہیم آل طالب نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار ہیں۔
امام کعبہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ہمیں اتحاد سے کام لینا چاہیے۔ عدم برداشت کے رویے کی مذمت کرتے ہیں۔
امام کعبہ نے راوی روڈ پر مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سینیٹر ساجد میر سے بھی وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر بھی شریک ہوئے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں