نئی دہلی: بھارت کے مشہور فلم ڈائریکٹر رام گوپال ورما کو بالی ووڈ کی بولڈ ترین اور سابق فحش اداکارہ سنی لیونی کے بارے میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پرکیا جانے والا’’ نازیبا تبصرہ‘‘ مہنگا پڑ گیا ،انڈیا کے معروف سماجی کارکن نے بھارتی فلموں کے مشہور ڈائریکٹر کے خلاف پولیس سٹیشن میں مقدمہ درج کرادیا ،ہندوستان کی دوسری بڑی سیاسی جماعت کانگریس نے بھی مہاراشٹر میں رام گوپال ورما کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کر دیا ۔
بھارتی نجی ٹی وی چینل’’این ڈی ٹی وی‘‘ کے مطابق ہندوستانی فلم انڈسٹری کے مایہ ناز ڈائریکٹر رام گوپال ورما کو بالی ووڈ کی بولڈ تریناداکارہ اور سابق پورن سٹار سنی لیونی کے بارے میں خواتین کے عالمی دن کے موقع کیا جانے والا تبصرہ بھاری پڑ گیا ہے ،معروف سماجی کارکن وشاکھا مہابری نے گوا پولیس سٹیشن میں رام گوپال ورما کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔
رام گوپال ورما نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پرمائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’سال کا ہر دن مردوں کا ہوتا ہے ،کیا اس لئے مرد وں کا کوئی دن نہیں منایا جاتا اور عورتوں کو صرف ایک دن دیا جاتا ہے ؟۔دوسرے ٹویٹ میں سنی لیونی کا نام لے کر رام گوپال ورما نے کہا’’میری خواہش ہے کہ دنیا کی تمام عورتیں مردوں کو اتنی خوشی فراہم کریں جتنی سنی لیون کرتی ہیں ‘‘۔
رام گوپال ورما کو ان ٹویٹس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ سماجی کارکن وشاکھا مہابری نے گوا پولیس سٹیشن میں درخواست جمع کراتے ہوئے کہا ہے کہ رام گوپال ورما کا فحش تبصرہ ہر عورت کے لئے اشتعال انگیز اور توہین آمیز ہے،انہوں نے خواتین کے حوالے سے ایسی گندی بات کی ہے جسے کوئی بھی گوارا نہیں کر سکتا ۔
وشاکھا نے گوا پولیس سٹیشن میں رام گوپال ورما کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 292 اور سائبر قانون کے تحت مقدمہ درج کرا دیا ہے ۔