بالی ووڈ: بالی ووڈمیں دو اداکاراؤں کے درمیان جاری لڑائی تو عام سی بات ہے، لیکن اداکارہ کنگنا رناوت اور ہدایت کار کرن جوہر کے درمیان جاری جنگ نے سب کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرلی ہے۔
کچھ روز قبل کرن جوہر نے اداکارہ کنگنا رناوت کو مشورہ دیا تھا کہ اگر انہیں بولی وڈ میں اتنے مسائل کا سامنا ہے تو بہتر ہیں وہ اسے چھوڑ کر چلی جائیں۔
کرن جوہر نے کہا تھا کہ جب کنگنا نے مجھ پر اقرباء پروری کا الزام لگایا تو اب میں ان سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ مجھے خوشی ہے کہ وہ جانتی ہیں اس کا مطلب کیا ہے، اقرباء پروری ہوتا کیا ہے؟ کیا میں اپنے بھانجوں بھتیجوں، بیٹیوں، بیٹوں کو بولی وڈ میں پروموٹ کررہا ہوں؟ اور ان 15 ہدایت کاروں کا کیا جن کا بالی ووڈ سے کوئی تعلق نہیں لیکن میری وجہ سے وہ انڈسٹری میں کافی آگے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ میں تھک چکا ہوں کنگنا کے ہر وقت عورت ہونے کی حیثیت سے خود کو مظلوم ثابت کرنے پر، آپ ہر وقت خود کو مظلوم ثابت نہیں کرسکتے.ہر وقت ایک دکھی کہانی نہیں سنا سکتے، اگر بولی وڈ اتنا ہی بُرا ہے تو اسے چھوڑ دیں۔
کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ میں نہیں کہہ سکتی کہ کرن جوہر اقرباء پروری کے بارے میں کتنا جانتے ہیں۔ اگر ان کا ایسا مانا ہے کہ صرف بیٹوں، بیٹیوں، بھانجوں کو کام دینا اقرباء پروری ہے تو میں کچھ نہیں کہہ سکتی۔ لیکن ایسا کہنا کہ وہ مجھے کام نہیں دینا چاہتے یہ ایک فنکار کا مذاق اڑانا ہے، اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کرن جوہر کی یاداشت کافی خراب ہے۔ کیوں کہ میں ان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم انگلی میں کام کرچکی ہوں۔اور اس ہی وقت ہمیں اندازہ ہوگیا تھا کہ شاید ہم ایک ساتھ کام نہیں کرپائیں گے۔