پھٹیچر کہنے پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی دعوت مسترد

03:40 PM, 9 Mar, 2017

پشاور:پاکستان سپر لیگ کی چیمپیئن پشاور زلمی نے عمران خان کی جانب سے غیرملکی کھلاڑیوں کو پھٹیچر کہنے پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے دی گئی ظہرانے کی دعوت مسترد کر دی ہے۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے چیمپیئن ٹیم کے اعزاز میں پشاور میں ایک ظہرانے کا اہتمام کیا تھا لیکن عمران خان کے متنازع بیان کے سبب پشاور کی ٹیم نے دعوت قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں عمران خان نے اپنی توپوں کا رخ ایک مرتبہ پھر پی ایس ایل کی جانب موڑتے ہوئے فائنل میں شریک ہونے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو 'پھٹیچر' قرار دیا تھا۔عمران خان کا کہنا تھا، 'دو تین کھلاڑیوں نے نہیں آنا تھا،باقی جو 'پھٹیچر' کھلاڑی ہیں، انھوں نے تو ویسے بھی آ جانا تھا، میں تو کسی کے نام بھی نہیں جانتا، جو غیر ملکی کھلاڑی یہاں آئے'۔
ایک ہفتہ قبل قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر پشاور زلمی نے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیاتھا۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے پی ایس ایل چیمپیئن کوپشاور آنے اور ظہرانے دعوتی دی تھی جبکہ محکمہ سیاحت نے استقبال کے لیے رنگا رنگ تقریب کے انتظامات کیے تھے۔تقریب کیلئے روایتی کھانوں، آتش بازی اور پشتو موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا لیکن زلمی کے انکار کے بعد استقبال کیلئے کیے گئے انتظامات منسوخ کردیے گئے ہیں۔
زلمی کی پشاور آمد کے موقع پر پشاورکے حیات اسپورٹس گراونڈ کو زلمی کے نام سے منسوب بھی کرنا تھا لیکن اب اس کو بھی عملی جامع نہیں پہنایا جا سکے گا۔پشاور زلمی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی دعوت منسوخ کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ان کے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

مزیدخبریں