اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ڈالر کی اصل قیمت 245 روپے ہے۔ پاکستان جیو پالیٹکس کا شکار ہے اس سے زیادہ عوام کو کچھ نہیں بتا سکتا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف نے بریک ڈاؤن مانگا جو ہم نے فراہم کیا۔ آئی ایم ایف کو مزید تفصیلات دینے کی ضرورت پڑی تو فراہم کردیں گے۔ میں نہیں سمجھتا کہ آئی ایم ایف کو بجٹ پر اعتراضات ہونے چاہئیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمیں ڈیفالٹ سے بچنا تھا اور ہم نے تمام ادائیگیاں وقت پر کیں۔ آئی ایم ایف کا رویہ پاکستان کے غیر منصفانہ ہے۔ ترقی کا ہدف ہم نے 3.5 محتاط رکھا ہے۔ ستمبر کے بعد بھی دسمبر تک آئی ایم ایف کے بغیر ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں۔ ری امیجننگ والے (مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان عباسی) پاکستان کو ڈرانا بند کردیں۔
انہوں نے کہا کہ جو ہو رہا ہے وہ نہیں ہونا چاہیے لیکن ہم ملک کی خاطر صبرکیے ہوئے ہیں۔ آئی ایم ایف نے جو کہا ہم نے تمام شرائط پوری کردیں انہیں توہم پر اعتماد ہونا چاہیے۔ آئی ایم ایف نے کہا کہ ہم آپ کو سعودی عرب اور یوے ای کے پاس لے چلتے ہیں ۔ ہم نے کہا کہ آپ کو ہمارا ہاتھ پکڑ کر کہیں لے جانے کی ضرورت نہیں۔