جہلم :وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے، ضلع جہلم کے باسیوں کے دیرینہ مطالبے پر للہ جہلم دوریہ روڈ کی تعمیر کے لئے وفاقی ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں ایک ارب 80 کروڑ روپے مختص کر دیئے گئے ہیں، اس منصوبہ سے تحصیل پنڈدادن خان اور تحصیل جہلم کے عوام کی سفری مشکلات ختم ہوں گی، سوہاوہ میں 132 کے وی گرڈ سٹیشن کی تعمیر سے 36 ہزار کی آبادی کو کم وولٹیج اور بجلی کی آنکھ مچولی کی اذیت سے نجات مل گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات میں اہلیان جہلم کے دیرینہ مطالبہ پر للہ جہلم دو رویہ روڈ کی تعمیر کے لئے پی ایس ڈی پی میں ایک ارب 80 کروڑ روپے مختص کرنے کی خوشخبری سنائی ہے جس پر اہلیان جہلم کو مبارک ہو، وفاقی وزیر منصوبہ بندی کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہماری درخواست پر ضلع جہلم کے باسیوں کے دیرینہ مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے فنڈز فراہم کئے ہیں، ان سے خود دورہ کرکے منصوبہ کا جائزہ لینے کی درخواست کی ہے،
ہم منصوبہ پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنائیں گے جس سے خاص طور پر تحصیل پنڈدادن خان اور تحصیل جہلم این اے 60 اور این اے 61 کے عوام کی سفری مشکلات ختم ہوں گی اور حادثات میں کمی سے قیمتی انسانی جانیں محفوظ ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 60 کےعوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ ہم نے 132 کے وی گرڈ سٹیشن کا سوہاوہ میں وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کے ہمراہ افتتاح کر دیا ہے،
اس منصوبے کی تکمیل میں ذاتی دلچسپی لینے پر وفاقی وزیر توانائی کا بے حد ممنون ہوں، اس منصوبہ سے 36 ہزار کی آبادی کو کم وولٹیج اور بجلی کی آنکھ مچولی کی اذیت سے نجات مل گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد نواز شریف کا وژن عوام کی ترقی آگے بڑھ رہا ہے اور بڑھتا رہے گا، عوام کی خدمت ہی نوازشریف کی قیادت میں ہمارا مشن ہے، عوام کی خدمت کی رفتار مزید تیز کریں گے۔