لاہور :چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے برطانوی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف منصوبہ بندی کرنے والےاب پریشان ہیں، وہ انہیں واپس نہیں چاہتے۔
عمران خان نے کہا کہ انہیں سیاسی جماعتوں کی طرف سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں ، جب سیاست میں آیا تو اپنے مرنے کے خوف پر قابو پالیا، آج 16 جماعتیں ان کے خلاف ہیں اور وہ اکیلے ہیں ۔
ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا برطانوی جمہوریت کا سسٹم دنیا کیلئے ایک مثال ہے ،جہاں ایک وزیر اعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد صرف اس لیے پیش کیا گیا کہ آخر کیوں اس نے لاک ڈائون کی مخالفت کرتے ہوئے پارٹی ارینج کی ۔
دورہ روس کے حوالے سے بتایا کہ وعدہ کرتا ہوں دورے پر بالکل اندازہ نہیں تھا روس یوکرین تنازع شروع ہونیوالاہے،چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اس وقت صرف ایک رات روس میں ٹھہرا تھا اور روسی صدر سے ملاقات سے ایک گھنٹہ پہلے معلوم ہوا کہ تنازع شروع ہوگیا ،ایسے میں روسی صدر سے ملاقات سے انکار پر پاکستان کے تعلقات خراب ہوسکتے تھے۔