یواے ای سے ترسیلات زر میں 5.3 فیصد کمی 

09:53 PM, 9 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان کے لیے ترسیلات زر میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کا حصہ سب سے زیادہ ہے جبکہ متحدہ عرب امارات کا دوسرا نمبر ہے۔ 

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق مالی سال 2021.22 کے ابتدائی نو ماہ کے دوران سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 5809.9 ملین ڈالر کی رقم بھیجی۔ یہ رقم گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں بھیجے گئے 5738.9 ملین ڈالر سے 1.2 فیصد زیادہ رہی۔

 اکنامک سروے آف پاکستان  میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب سے پاکستان بھیجی گئی رقوم کا شیئر کل ریمیٹننس کا 25.3 فیصد رہا۔

 رواں مالی سال کے ابتدائی نو ماہ میں متحدہ عرب امارات سے پاکستان کے لیے ترسیلات زر میں 5.3 فیصد کی کمی ہوئی۔ کل 18.7 فیصد شیئر کے ساتھ امارات سے ریمیٹینس کی مقدار 4283.9 ملین ڈالر رہی۔

امریکا  سے پاکستان بھیجی گئی رقوم 9.6 فیصد اضافے کے ساتھ 2211.3 ملین ڈالر جب کہ برطانیہ سے ترسیلات زر 13.9 فیصد بڑھ کر 3187.3 ملین ڈالر رہیں۔ دیگر خلیجی ملکوں سے ترسیلات زر 11.6 فیصد بڑھ کر 2665.5 ملین ڈالر رہیں۔

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مالی سال 2021.22 کے دوران بھیجے گئے ریمیٹینس 7.1 فیصد اضافے کے ساتھ 22953 ملین ڈالر رہے۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق سعودی عرب ملازمت کے لیے بیرون ملک جانے والے پسندیدہ ترین ملک کا درجہ رکھتا ہے۔

مزیدخبریں