اسلام آباد: پاکستان میں گدھوں کی پیدائش میں اضافہ ہوگیا ہے۔ رواں مالی سال کے دوران گدھوں کی تعداد میں ایک لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔
اقتصادی سروے کے مطابق مالی سال 2020-21 میں ملک میں 56 لاکھ گدھے تھے ۔ مالی سال 2021-22 میں گدھوں کی تعداد 57 لاکھ ہوگئی ۔ مالی سال 2019-20 میں گدھوں کی تعداد 55 لاکھ تھی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے 2017 میں خیبر پختونخوا میں چین میں گدھوں کی مانگ میں اضافے کی خاطر ’خیبر پختونخوا چین پائیدار ڈنکی ڈویلپمنٹ منصوبے‘ کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا تھا جس پر ایک ارب روپے خرچ کرنے کا فیصلہ ہوا تھا۔
منصوبے کے تحت صوبائی حکومت کی طرف سے گدھوں کی افزائش کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے اور اس سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا گیا اس کے بعد گدھوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔