اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آج پاکستان کا وزیراعظم ایسا شخص ہے جسے عوام کی تکالیف کا بھرپور احساس ہے ۔ وزیراعظم خراب معیشت اور بجلی کی ابتر صورتحال کو بہتر کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ڈاکٹر عامر لیاقت کی رحلت کا سن کر بہت افسوس ہوا ، عامر لیاقت حسین کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتی ہوں ۔ عامر لیاقت کی مغفرت اور پسماندگان کے صبر جمیل کیلئے دعا گو ہوں ۔
لوڈشیڈنگ پر بات کرتے ہوئے ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ بجلی کے تمام پلانٹ عمران خان کی بری کارکردگی کی وجہ سے بند تھے ۔ 30 جون تک تمام پلانٹس کو دوبارہ مکمل فعال کردیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی 4 سالہ نااہل حکومت کو رو نہیں رہے ، کام بھی کر رہے ہیں ۔ آنے والے وقت میں لوڈشیڈنگ میں بتدریج کمی ہوگی ۔ اگر نواز شریف اور شہباز شریف نہ ہوتے تو ملک میں بجلی کے پلانٹس نہ ہوتے ۔ کسی اور نے ملک میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے بجلی کے پلانٹس لگانے کا نہیں سوچا ۔
مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم کو مشورہ دینے کی مجھے کوئی ضرورت نہیں ، وزیراعظم سارے کام چھوڑ کر عوام کو ریلیف دینے پر کام کر رہے ہیں ۔ کس وقت کس آرگنائزیشن سے کیا کام لینا ہے یہ وزیراعظم کو معلوم ہے ۔
لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں 4 ماہ پہلے معلوم ہوچکا تھا ان کی حکومت جانے والی ہے ۔ عمران خان بتائیں انہوں نے عالمی سازش کا پروپیگنڈا کیوں کیا ؟ شیخ رشید نے کل بیان میں کہا عمران خان آنے والی حکومت کیلئے بارودی سرنگ بچھا کرگئے ۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو اتحادیوں کے چھوڑ کر جانے کا اندازہ تھا ، اس لیے انہوں نے جان بوجھ کر پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا ۔ پی ٹی آئی کے اتحادی تسلیم کرتے ہیں عمران خان نے بارودی سرنگیں بچھائیں ، عمران خان کے اتحادی کہتے ہیں وہ ہماری نہیں سنتے تھے ۔