لاہور: وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے اہم فرد مقصود چپڑاسی حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف و اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں شامل مقصود چپڑاسی بیرون ملک مقیم تھے اور کیس کی تحقیقات کے دوران ان کے اکاؤنٹ میں رقم آنے پر انہیں مقدمے میں شامل کیا گیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور حکومت میں شہزاد اکبر نے مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے نکلنے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ کیس کی تفتیش کے دوران ہی انہیں دل کی تکلیف ہوئی تھی۔
ذرائع کے مطابق مقصود کے اہل خانہ نے ان کے انتقال پر کچھ کہنے سے گریز کیا ہے جبکہ اس سے قبل شریف خاندان کے ملازم فضل دادا بھی انتقال کر چکے ہیں۔ مقصود چپڑاسی کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) عدالت نے اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی شروع کر رکھی تھی
دوسری جانب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ مقصود چپڑاسی فوت ہوگئے ہیں ان کیلئے دعا کرنا چاہتا ہوں۔
پی ٹی آئی رہنماءشہباز گل نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس حوالے سے پیغام جاری کیا اور لکھا ’مقصود چپڑاسی، ڈاکٹر رضوان اور نوید، یہ تینوں لوگ شریفوں کے منی لانڈرنگ کے اہم کردار۔ تینوں کو ہارٹ اٹیک ہوا۔ دو ہلاک کر دئیے گئے اور نوید زندگی موت کے درمیان لٹک رہا ہے۔ خدشہ ہے کہ تمام لوگوں کو خاص قسم کے کیمیکل ان کے کھانے میں دے کر یہ ہارٹ اٹیک کروائے گئے۔ ان کو قتل کیا گیا ہے۔ ‘