کوئٹہ: صوبائی دارالخلافہ کوئٹہ میں آئل ٹینکر ڈرائیور نے شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔
تفصیلات کے مطابق قمبرانی روڈ پر پیٹرول پمپ میں پیٹرول سے بھرے ٹینکر میں اچانک آگ بھڑگ اٹھی تو ٹینکر ڈرائیور نے بہادری اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ لگے آئل ٹینکر کو کمال مہارت کیساتھ پیٹرول پمپ سے نکالا اور آبادی سے دور لے گیا۔
ڈرائیور کی بہادری کے باعث شہر کسی بڑے حادثے سے محفوظ رہا، آئل ٹینکر میں 20ہزار لیٹر پیٹرول اور ٹینکر جل کر خاکستر ہو گیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ڈرائیور محمد فیصل کہتے ہیں جان ہتھیلی پر رکھ کر جلتی گاڑی میں بیٹھنے کا مقصد پمپ میں موجود لوگوں کی زندگیاں بچانا تھیں۔
پیٹرول پمپ کے مالک سعید شاہوانی کا کہنا تھا کہ اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ڈرائیور نے پمپ اور لوگوں کی حفاظت یقینی بنائی جو قابل تحسین ہے۔