تامل ناڈو, بھارت میں بدبخت بیٹے نے 95 سالہ ماں کو 2 ہفتوں تک باتھ روم میں بند رکھا۔
بھارتی ریاست تامل ناڈو میں ضلع سالیم میں بدبخت بیٹے نے اپنے ہی گھر کے واش روم میں 95 سالہ ماں کو بند کردیا، اس دوران وہ مدد کے لیے پکارتی رہیں تاہم دو ہفتوں تک کسی نے خاتون کی آواز نہیں سنی البتہ 15ویں دن پڑوسیوں کو کچھ آواز سنائی دی جس پر وہ فوری مدد کو پہنچے۔
پڑوسیوں کی جانب سے شکایت درج کرنے پر پولیس اور سوشل ویلفیئر کی ٹیم فوری طور پر رادھا نامی متاثرہ خاتون کے گھر پہنچی اور انہیں اپنے ساتھ لے گئیں جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی اور بعد ازاں انہیں کھانا اور پانی فراہم کیا گیا۔
پولیس کے مطابق بدبخت بیٹے نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے اپنی ماں کی پروا نہیں کی اور متاثرہ خاتون 14 دن تک صرف پانی پر ہی گزارا کرتی رہیں تاہم اس دردناک واقعہ کے باوجود ماں نے بیٹے کے خلاف شکایت درج کروانے سے انکار کردیا۔
پولیس کے مطابق رادھا اپنے مرحوم شوہر کی پنشن پر گزارا کرتی تھی جو ایک سرکاری ملازم تھے تاہم وہ رقم بھی خاتون کا چھوٹا بیٹا ہتھیالیتا تھا۔