پیانگ یانگ ،جنوبی کوریا میں ایک پانچ منزلہ عمارت منہدم کرنے کے دوران سڑک پر کھڑی بس پر جاگری جس کے نتیجے میں بس میں سوار نو افراد ہلاک ہوگئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے جنوبی کوریا کی نیشنل فائر ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ جنوبی کوریا کے شہر گوانجو میں بس میں 17 افراد سوار تھے اور وہ منہدم کرنے والی عمارت کے نیچے سڑک پر رک گئی تھی۔
عمارت کے گرنے کی وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی ہے اور بس میں بچ جانے والے افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
فائر افسر کم سیوک سن نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ عمارت گرانے سے قبل سائٹ پر موجود تمام کارکنوں کو اس سے خالی کرا لیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ کارکنوں نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ انہوں نے اس حادثے سے قبل اس جگہ کے قریب پیدل چلنے والوں کا راستہ بند کردیا تھا۔
سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی جانے والی ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ منہدم کی جانے والی عمارت بس کے بالکل اوپر آگری۔
منہدم عمارت سے سڑک کے اس پار ایک دکان چلانے والے یانگ اکجی نے یون ہاپ نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ایسا محسوس ہوا جیسے “زمین لرز رہی ہے”۔