کراچی: ریئر ایڈمرل نعیم سرور، ستارہ امتیاز (ملٹری) کو نیا ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی) مقرر کردیا گیا ہے جو اب پاک بحریہ کے ترجمان کے طورپر کام کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ریئر ایڈمرل نعیم سرور نے 1990ءمیں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا، فلیگ آفیسر پاکستان نیوی وار کالج لاہور، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں اور انڈونیشیا سے نیشنل ڈیفنس کورس بھی کر چکے ہیں۔
ایڈمرل نعیم سرور اپنے شاندار کیریئر کے دوران کمانڈ اور سٹاف تقرریوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور پیشہ کے لحاظ سے آپ پائلٹ ہیں جبکہ ان کی اہم تقرریوں میں بحری فضائی سکواڈرن کی کمانڈ، کمانڈر پاکستان فلیٹ کے چیف سٹاف آفیسر، کمانڈر جناح نیول بیس اور ماڑہ، ڈرافٹنگ اتھارٹی، ڈائریکٹر نیول ایوی ایشن اور نیول ہیڈ کوارٹرز میں ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (پرسنل) شامل ہیں۔
ایڈمرل نعیم سرور کی اعلیٰ خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا جبکہ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ پاک بحریہ کے ترجمان کے طور پر کام کریں گے۔