راولپنڈی ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔یہ بات انہوں نے چینی سفیر سے ملاقات میں کہی ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی سفیر نوننگ رانگ کی ملاقات ہوئی جس میں سی پیک میں پیشرفت، علاقائی سیکیورٹی، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل پر تازہ پیشرفت پر بھی غور کیا گیا۔آرمی چیف نے کورونا کے خلاف کوششوں میں چین کے تعاون پر اظہار تشکر کیا اور کورونا ویکسین کی فراہمی پر چین کے تعاون کو بھی سراہا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ چینی سفیر نے امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی، چینی سفیر نے افغان مفاہمتی عمل پر پاکستان کے کردار کو سراہا۔
دوسری جانب آرمی چیف سے ایوان صنعت و تجارت کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی جس میں کمرشل اور صنعتی ترقی میں ایوان صنعت کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں علاقائی اقتصادی ماحول سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔
آرمی چیف نے کہا کہ ملکی اقتصادی ترقی میں تاجر برادری کا اہم کردار ہے، پاک فوج تاجر برادری کی مکمل حمایت کرے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تاجروں کا کہنا تھا بہتر ماحول سے ملکی اقتصادی صورت حال بہتر ہوئی، تاجروں نے پاک فوج کی محفوظ ماحول کے لیے قربانیوں کو سراہا۔