متحدہ عرب امارات نے پاکستان سمیت 7 ملکوں کے مسافروں کی آمد پر پابندی میں توسیع کردی

04:49 PM, 9 Jun, 2021

کراچی ،متحدہ عرب امارات نے پاکستان سے آنے والے مسافروں پر پابندی میں مزید توسیع کردی ، پاکستان سمیت7ملکوں سے مسافروں کی آمد پر6 جولائی تک پابندی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق یو اے ای سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کوروناوائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے 7 ملکوں سے مسافروں کی آمد پر پابندی میں توسیع کردی ،یہ پابندی  پاکستان سمیت7 ملکوں سے مسافروں کی آمد پر 6 جولائی تک ہوگی۔

ایوی ایشن حکام کی طرف سے  پابندی میں 6 جولائی تک توسیع کا ہدایت نامہ جاری کردیا گیا ہے پابندی والے ممالک کی فہرست میں  پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا، نائجیریا اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔

ہدایت نامے میں تمام ایئر لائنز کو متعلقہ ملکوں سےمسافروں کوبورڈنگ جاری نہ کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ گزشتہ14دن میں ان ملکوں کے یا ان کا سفر کرنیوالوں اور ایسےمسافروں کودبئی یاٹرانزٹ کے لئے بورڈنگ کارڈ جاری نہ کیا جائے۔

ایوی ایشن حکام کا کہنا تھا کہ خلاف ورزی پر ایئر لائنز کو جرمانہ یافضائی آپریشن سے متعلق کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ  کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث متحدہ عرب امارات نے پاکستان سمیت کئی جنوب ایشیائی ممالک کے مسافروں پر پابندی لگا رکھی ہے۔

گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات کی ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پابندی کے شکار ممالک کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے مابین منظور شدہ سفارتی مشن، سرکاری وفود، کاروبار طیارے اور سنہری ریزیڈینسی ہولڈرز کو سخت ایس او پیز کے ساتھ داخلے کی اجازت ہوگی۔

مزیدخبریں