ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ 6 کے مکمل انعقاد کے لیے تمام لاجسٹک اور آپریشنل چیلنجز پر قابو پالیا گیا ہے۔ آج سے شیخ زاید کرکٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کا میلہ سجنے کو تیار ہے۔ لیگ کا مجموعی طور پر 15 واں میچ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔
شیخ زاید سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلا جانے والا یہ میچ مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔
2016ء میں پی ایس ایل کا آغاز بھی ابوظہبی سے ہوا تھا۔ 2017ء کے بعد لیگ کے آخری تین میچز پاکستان میں کھیلے گئے۔
ایڈیشن 2019ء کے دوران پلوامہ حملے اور سفری پابندیوں کے باوجود چند میچز کو کراچی میں منعقد کروایا گیا تھا۔
کئی غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد سے انکار کے باوجود لیگ کا پانچواں ایڈیشن مکمل طور پر پاکستان میں کھیلا گیا۔
گو کہ کوویڈ 19 کی عالمی وبا کے باعث پانچواں ایڈیشن کچھ عرصے کے لیے تعطل کا شکار ہوا تاہم اسے بعد میں مکمل کر لیا گیا۔
پھر ان میں سے بیشتر کھلاڑی لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں شرکت کے لیے 2021ء میں پاکستان آئے، ان کھلاڑیوں کی پاکستان آمد ملک میں سیکورٹی انتظامات پر ان کے اطمینان کی ضمانت تھی۔
اب ایڈیشن 2021ء کے بقیہ 20 میچز میں سب سے بڑی رکاوٹ پاکستان، بھارت، سری لنکا اور جنوبی افریقہ جیسے ممالک کا یو اے ای کی ریڈ لسٹ میں موجود ہونا تھا مگر اس لیگ کے انعقاد کو ممکن بنانے کے لیے کئی امور پر خصوصی اجازت نامے لئے گئے جن میں سے کچھ کو بعد میں واپس بھی لے لیا گیا۔
پاکستان اور ابوظہبی کی حکومتوں، ابوظہبی سپورٹس کونسل اور ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے تعاون کی بدولت پی سی بی نے ان تمام چیلنجز پر قابو پایا اور لیگ کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے۔
پی سی بی پرامید ہے کہ لیگ کا ساتواں ایڈیشن مکمل طور پر پاکستان میں ہی کھیلا جائے گا اور امکان ہے کہ اس ایڈیشن کے میچز دیکھنے کے لیے تماشائیوں کی ایک بڑی تعدادبھی سٹیڈیمز کا رخ کرے گی۔
لیگ کے ان بیس بقیہ میچز میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے کئی معروف کھلاڑی شرکت کررہے ہیں، جن میں مارٹن گپٹل، عثمان خواجہ، فاف ڈوپلیسی، ڈیوڈ ملر، شیمرون ہیٹمائراور راشد خان کے نام شامل ہیں۔
اس دوران پاکستان کے نامور ستارے بابر اعظم، شاداب خان، محمد حفیظ، شاہین شاہ آفریدی، سرفراز احمد، محمد رضوان، شرجیل خان، حسن علی اور فہیم اشرف بھی اس لیگ میں جلوہ گر ہو رہے ہیں۔
یہ تمام کھلاڑی دورہ انگلینڈ کے لیے اعلان کردہ قومی سکواڈ کا حصہ بھی ہیں، جو انگلینڈ کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے بعد پانچ ٹی ٹونٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے ویسٹ انڈیز روانہ ہو جائیں گے۔