وفاقی کابینہ نے سٹیل ملز کی نجکاری کی منظوری دے دی

09:25 PM, 9 Jun, 2020

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے فیصلوں کی توثیق کرتے ہوئے پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کی منظوری دیدی۔وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس کے دوران اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی طرف سے پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کی منظوری دیدی ہے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کے وقت ملکی مفاد کے ساتھ، ساتھ مزدروں کے فائدہ کا بھی خیال رکھا جائے۔

خیال رہے کہ حکومت نے یکمشت ادائیگی کے لیے 20 ارب روپے کی منظوری کے ساتھ پاکستان سٹیل ملز (پی ایس ایم) کے 9 ہزار 350 ملازمین کو ملازمتوں سے فارغ کرنے کی منظوری دی تھی۔

اس سلسلے میں فیصلہ وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔

اجلاس کے حوالے سے جاری ہونے والے باضابطہ بیان کے مطابق اجلاس میں عدالت عظمیٰ کے فیصلوں، احکامات اور پاکستان سٹیل ملز کے حوالے سے دیگر عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی روشنی میں پاکستان اسٹیل ملز کے ہیومن ریسورس رئیلائزیشن منصوبے کی مکمل اور حتمی منظوری دے دی گئی۔

مذکورہ فیصلہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی 13 مئی کی ہدایت پر وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے ’ہیومن ریسورس رئیلائزیشن‘ کی بنیاد پر نظرِ ثانی شدہ سمری پر کیا گیا۔

اس سے قبل کے منصوبے میں 18 ارب 74 کروڑ روپے کی لاگت میں 8 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

مزیدخبریں