کراچی: پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین نے ملازمت سے فارغ کیے جانے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔پاکستان اسٹیل کے 9350 ملازمین نے ملازمت سے نکالے جانے پر سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 2006 میں پاکستان اسٹیل کی نجکاری کے لیے اصول وضع کیے تھے۔
ملازمین کی جانب سے درخواست کی فوری سماعت کی بھی استدعا کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لی۔ اسٹیل مل ملازمین کی درخواست پر عدالت عالیہ کا 2 رکنی بینچ پیر کو سماعت کرے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اسٹیل مل کے 9100 ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کی اصولی منظوری دی تھی۔اجلاس میں ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ گولڈن ہینڈشیک لینے والے ملازمین کو تمام واجبات فوری ادا کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر کا کہنا ہے کہ اسٹیل مل ملازمین کو پیکج کے تحت اوسطاً 23 لاکھ فی ملازم ملیں گے۔
دوسری جانب حکومت میں آنے سے پہلے عمران خان سمیت اسد عمر اسٹیل مل کی نجکاری کی مخالفت اور اس کی بحالی پر زور دیتے رہے ہیں۔