بیجنگ :صدرمملکت ممنون حسین اور چین کے صدر شی جن پنگ نے پاکستان اورچین کے درمیان آزمودہ سٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
شی چن پنگ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، پاکستان کے ساتھ تعلقات کی ترجیحی حیثیت برقرار رہے گی ، دہشت گردی کے خلاف جنگ اورافغانستان وخطے میں امن اور استحکام کیلئے پاکستان کا کردار اور کوششیں قابل تعریف ہیں۔
دونوں رہنماﺅں کے درمیان دو طرفہ ملاقات چین کے شہرچنگ ژائو میں ہوئی ، صدر مملکت ممنون حسین صدر شی جن پنگ کی دعوت پر شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی کونسل کے اٹھارہویں اجلاس میں شرکت کیلئے چین کے دورے پر ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماﺅں نے پاک چین دوطرفہ تعلقات اورباہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
صدر مملکت ممنون حسین نے شی جن پنگ کو دوبارہ چین کے صدر اورچین کی کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پرمبارکباد دی ، شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی کونسل کے اٹھارہویں اجلاس کی میزبانی پر چین کو مبارکباد دی۔